GuidePedia

0

بطور مسلمان ہماراایمان ہے کہ زندگی اللہ کی امانت ہے، جس کا ایک وقت مقرر ہے لیکن اس کے باوجود ہم میں سے ہر شخص طویل عمر پانے کی خواہش رکھتا ہے۔ سائنس چونکہ روحانیت اور جذبات سے عاری ہے، لہٰذا یہاںہر شے کو مادی، تجزیاتی اور تجرباتی پیمانوں پر پرکھتے ہوئے نتائج اخذ کیے جاتے ہیں، جس کے تحت اکثر لوگوں کا خیال ہے کہ زندگی کا دورانیہ جینز کے ذریعے طے پاتا ہے ۔
تاہم جینز زندگی کی متوقع حد میں ایک معمولی کردار ادا کرتے ہیں، اس کے برعکس طویل عمر پانے میں ماحولیاتی عوامل اور طرز زندگی زیادہ اہم تسلیم کیے جاتے ہیں۔ آج کے مضمون میں ایسی طرز زندگی کے بارے میں جاننے کی کوشش کرتے ہیں، جو عمر میں طوالت کا باعث بنتی ہے۔
ڈی این اے کی حفاظت::
جیسے جیسے ہماری عمر بڑھتی چلی جاتی ہے، ڈین این اے کے سرے، جنہیں ٹیلو میر (Telomere)کہا جاتا ہے، چھوٹی ہوجاتے ہیں۔ انسان کی نامیاتی عمر کااندازہ ٹیلومیر کی لمبائی سے ہی لگایا جاتاہے۔ عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ ڈی این اے کی حفاظت کرنے والے عناصر بھی کمزور پڑتے جاتے ہیں،یہی وجہ ہے کہ بڑی عمر کے افراد پر بیماریاں جلد حملہ آور ہوتی ہیں۔
تاہم عام خیال ہے کہ یہ وہ کیفیت ہے جو انسان کے بس میں نہیں لیکن سائنس کی نئی تحقیق کے نتائج بالکل مختلف ہیں۔ ایک پائلٹ اسٹڈی کے دوران طرز زندگی میں تبدیلی کے ذریعے انزائم کو فروغ دیا گیا اور یہ عمل ٹیلومیرکی لمبائی بڑھانے کا سبب بنا۔ دوسری تحقیق کے مطابق متوازن غذا اور ورزش کے ذریعے ٹیلو میر کی حفاظت کی جاسکتی ہے، یہی وجہ ہے کہ صحت مند عادات انسان میں سیلولر کی سطح(Cellular Level)کو کم کرنے میں مددگار ہوتی ہیں۔

فہم و ادراک کے ساتھ فیصلہ سازی::
80سال تک لمبی عمر پانے والے افراد کی زندگی کا مطالعہ کیا گیا تو نتائج میں جو چیز سب سے زیادہ واضح ہوئی وہ ان افراد کاباشعور اور فیصلہ سازی کی قوت سے مالاہونا تھا۔ یہ افراد اپنے ضمیر کو سونے نہیں دیتے ، کوئی بھی کام کرنے سے قبل سوچتے ہیں اور وہ عمل سرانجام دیتے ہیں جو درحقیقت صحیح فیصلوں کے زمرے میں آتے ہیں، ان فراد کی زندگی میں کاش یا مایوسی جیسی کیفیات کی گنجائش نہیں ہوتی۔ ایسے افراد لمبی عمر پاتے ہیں اور اپنی صحت کے لیے بہتر طرز عمل منتخب کرتے ہیں۔ یہ ان چیزوں کا انتخاب کرتے ہیں جو مضبوط تعلقات اور بہتر کیریئر کا باعث بنیں۔
سگریٹ نوشی ترک کریں
سگریٹ میں موجود 4ہزارسے زائد کیمیکلز انسان کی زندگی کے 8منٹ کم کردیتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ سگریٹ نوشی ترک کردینے کو عمر میں اضافہ تسلیم کیا جاتاہے۔50سالہ تحقیق کے مطابق، 30سال کی عمر میں سگریٹ نوشی ترک کرنے سے انسان کی عمر میں 10سال کا اضافہ ہوجاتا ہے جبکہ 40، 50اور60سال کی عمر میں یہ عادت ترک کرنے سے بالترتیب 3،6،اور9سال کا اضافہ ہوتا ہے۔
قیلولہ کی عادت اپنائیں
قیلولہ کے فوائد دنیا بھر میں تسلیم کیے جاتے ہیں، تاہم اب اس بات کے سائنسی شواہد بھی حاصل کیے جاچکے ہیں کہ دوپہر کوکیا گیا قیلولہ انسان کی عمر میں اضافے کا باعث بنتا ہے۔ ایک نئی تحقیق کے نتائج کے مطابق ہفتے میںایک یا دو بار قیلولہ کرنے سے دل کا دورہ پڑنے، فالج اور دل کے دیگر امراض کے خطرات آدھے رہ جاتے ہیں۔ محققین کے مطابق دوپہر کو قیلولہ کرنے سے دل میں پیدا ہونے والے اسٹریس ہارمونز کی سطح کم کی جاسکتی ہے ۔
دوست بنائیے::

اچھے دوستوں کا ساتھ طویل اور بہتر زندگی کا باعث بنتا ہے۔ مختلف مطالعات مضبوط معاشرتی تعلقات اور لمبی عمر کے درمیان ایک گہرا تعلق واضح کرتے ہیں۔ یہ تعلق آپ کو صحت مند زندگی پر حملہ آور ہونے والی بیماریوں سے بھی بچائے رکھتا ہے، لمبی عمر پانے کی خواہش رکھنے والے افراد کے لیے دوست بنانا بھی بے حد ضروری ہے ۔ مشہور کہاوت ہے کہ انسان اپنی صحبت سے پہچانا جاتا ہے، جو آپ کے طرز عمل پر منفی اور مثبت دونوں قسم کے اثرات مرتب کرسکتی ہے۔
مثال کے طور پر اگر آپ کے دوستوں میں ایسے افراد شامل ہیں، جن کا وزن غیر صحت بخش غذا کھانے کے باعث کافی بڑھا ہوا ہے تو آپ کے وزن بڑھنے کے امکانات بھی دیگر افراد کے برعکس زیادہ ہوجاتے ہیں، یہی بات سگریٹ نوشی کرنے والے افراد سے دوستی رکھنے پر بھی لاگو ہوتی ہے۔
مضبوط تعلق::
ایک تحقیق کے مطابق، شادی شدہ افراد تنہا افراد کے مقابلے میں زیادہ عمر پاتے ہیں۔ محققین کے مطابق شادی انسان کو معاشی اور معاشرتی دونوں سطح پر تعاون فراہم کرتی ہے۔ایک تحقیقی جائزے میں یورپی یونین کے سات ممالک کے ہزاروں افراد کے طبی اعدادوشمار کا مطالعہ کیا گیا، نتائج سے ظاہر ہوا کہ شادی شدہ افراد تنہازندگی گزارنے والوں کے مقابلے میں دس سے 15سال زیادہ جیتے ہیں۔
متحرک اور خوش رہنا::
اس بات کا واضح ثبوت موجود ہے کہ جن افراد کے معمولات زندگی میں باقاعدگی سے ورزش کرنا شامل ہے، ایسے افراد کی عمر ورزش نہ کرنے والے افراد کے مقابلےطویل ہوتی ہے۔ روزانہ چہل قدمی، شکرگزاری اور خوش رہنے کی عادات آپ کی زندگی کو طویل کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔دن بھر میں کم از کم 10منٹ ورزش کیلئے مختص کرنا ضروری ہے۔

Post a Comment

 
Top