GuidePedia

0

آپ چاہے کتنے ہی خوبصورت کیوں نہ ہوں، اگر آپ کا وزن زیادہ ہےتو آپ مثالی خوبصورتی کے معیار پر پورا نہیں اتر سکتے۔ اسی لیے کہتے ہیں موٹاپاخوبصورتی کا دشمن ہے۔بڑھا ہوا وزن نہ صرف جسمانی خوبصورتی ختم کرتا ہے بلکہ مختلف امراض کا سبب بھی بنتا ہے۔ موٹاپے کی عام وجہ آپ کا غیر متوازن طرزِ زندگی بھی ہے۔جسے متوازن بناکر آپ اپنے بڑھے ہوئے وزن پر قابو پاسکتے ہیں۔اس حوالے سے ڈائٹ پلان کا کردار خاص اہمیت کا حامل ہے۔جس سے متعلق ہم اپنے قارئین کو کئی بار معلومات فراہم کرچکے ہیں تو کیوں نہ اس بار ڈائٹ جوسز سے متعلق بات کرلی جائے۔ آئیے آج بات کرتے ہیں ایسے مشروبات کی جو چربی پگھلانے کا عمل تیز کر کے آپ کو جلد ہی موٹاپےسے نجات دلانے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔
کھیرے اور لیموں کا جوس::
وزن کم کرنے والے مشروبات کی ایک لمبی فہرست ہے لیکن کھیرے اور لیموں کا جوس ان تمام مشروبات میں سرفہرست ہے ۔اگر آپ اپنے بڑھے ہوئے پیٹ سے پریشان ہیں اور فوری طور چربی پگھلانے والی ڈائٹ ریسپی کے منتظر ہیں تو کھیرے اور لیموں کا جوس اپنی ڈائٹ کا حصہ بنائیں ۔کھیرے اور لیموںکا جوس بنانے کے لیے آدھا کپ پانی،ایک کھیرا اور آدھا لیموں استعمال کیا جاسکتا ہے۔اس بات کو مغرب و مشرق میں تسلیم کیا جاتا ہے کہ کھیرا وزن میں کمی لاتا ہے۔ ماہرین صحت کے مطابق وزن کم کرنے کے لئے کیلوریز کی مقدار کم کر نی ضروری ہے لیکن اس کی وجہ سے جسم میں پانی کی کمی ہوسکتی ہے، لہٰذا پانی کا زیادہ استعمال کیا جائے اور پانی میں کھیرا اور لیموںشامل کرلیا جائے، جس سے نہ صرف اس کا ذائقہ اچھا ہوجاتا ہے بلکہ یہ تیزی سے وزن میں کمی بھی لاتا ہے۔
کافی اور ناریل کا تیل::
وزن میں کمی کے لیے کافی کے طبی فوائد تو آپ نے سنے ہی ہوں گے لیکن کافی میں اگر ناریل کاتیل شامل کرلیا جائے تو ایک نئی ریسپی کے ساتھ فوائد کا معیار بھی دگنا کیا جاسکتا ہے۔کافی میں ناریل کا تیل ایک نیا ٹرینڈ ہے، جس کے تحت کافی کے1کپ میں ناریل کے تیل کے 2چمچے ملائے جاتے ہیں ، کچھ لوگ اس میں ہلکا سا نمک بھی ملالیتے ہیں۔سائنسی ماہرین کے مطابق ناریل کا تیل جسم میں موجود چربی کو توانائی میں تبدیل کردیتا ہے اور یہ توانائی انسان کو سست نہیں پڑنے دیتی۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ شروع میں یہ مرکب پینے سے آپ کو ڈائریا وغیرہ کی شکایت ہوسکتی ہے، اس لئے ابتدا میں تیل کا کم استعمال کیا جائے۔
دار چینی اور شہد::
وزن میں کمی لانے کے لیے دار چینی اور شہد کے فوائد حیرت انگیز ہیں۔ شہد اور دار چینی کو ملانے سے یہ ایک بہترین دوا بن جاتی ہے۔ یہ دونوں جسم کی چربی پگھلانے میں بھی مددگار ہیں۔ دار چینی بے وقت بھوک کی روک تھام کرتی ہے جبکہ شہد میٹابولزم کو بہتر کرتا ہے۔ ایک گلاس ابلے ہوئے پانی میں ایک چٹکی دارچینی ملادیں، اس میں ایک چھوٹا چمچ شہد ملا کر نہار منہ استعمال کریں۔ اگر اس میں لیموں کے عرق کا اضافہ کردیا جائے تو چربی پگھلانے کا عمل تیز کرنے میں مزید مدد مل سکتی ہے۔
بند گوبھی اور ادرک کا جوس::
بند گوبھی تمام سبزیوں میں کم کیلوریز کے سبب امتیازی حیثیت کی حامل غذا ہے۔ دن بھر کے کھانوں میں بند گوبھی کا اضافہ کر کے وزن میں کمی لائی جا سکتی ہے۔ یہ انسان کو سیر ہونے کا بھی احساس دیتی ہے جبکہ ادرک جگر صاف کرنے والی ایک اہم غذا اور چکنائی کو ہضم کرنے میں مددگار ہے۔
ایک عددگوبھی، ایک عددسیب اور ادرک کے چند ٹکڑوںکے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرلیں۔ ان تمام چیزوں کو ڈیڑھ کپ پانی میں تقریباً4 سے5منٹ تک اُبالیں اور پھر اس میں نصف چائے کا چمچہ زیرہ شامل کر دیں۔ ان تمام چیزوں کو بلینڈر میں ضرورت کے مطابق پانی کی مقدار کے ساتھ ملا کر مرکب بنا لیں۔ اس کے بعد مرکب میں تھوڑا سا لیموں کا رس شامل کر لیں۔ لیجیے صحت بخش وزن میں کمی لانے والامشروب تیار ہے،جسے صبح کے وقت استعمال کیا جاسکتا ہے۔
گرین ڈیٹوکس::
یہ ایک ایسا پانی ہے، جس کے استعمال سے نہ صرف تروتازگی میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ یہ چربی پگھلانے کے ساتھ ساتھ جسم سے غیر ضروری مواد کو بھی خارج کرتا ہے۔ڈیٹوکس واٹر کی ایک قسم گرین ڈیٹوکس ہے، جو ہرے پھلوں اور سبزیوں سے تیار کیا جاتا ہے، یہ سبزیاں جسم سے اضافی چربی تیزی کے ساتھ پگھلانے میں مددگارہیں۔ وزن میں کمی کے لیے 3مٹھی پالک،ایک بڑاہرا سیب،2 بڑے گوبھی کے پتے اورآدھے کھیرے کا استعمال بہترین نتائج کے لیے مددگار ہے۔ڈیٹوکس واٹر کے لیے پہلے گوبھی کے پتے اور پالک کے پتے شامل کریں بعد میں سیب اور کھیرے کا اضافہ کیا جائے۔

Post a Comment

 
Top